ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عام آدمی پارٹی کو دھچکا۔20ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم صدرجمہوریہ نے انتخابی کمیشن کی سفارش پر مہر لگادی ۔ضمنی انتخاب کی راہ ہموار

عام آدمی پارٹی کو دھچکا۔20ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم صدرجمہوریہ نے انتخابی کمیشن کی سفارش پر مہر لگادی ۔ضمنی انتخاب کی راہ ہموار

Mon, 22 Jan 2018 16:29:09    S.O. News Service

نئی دہلی،21؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی)دہلی میں عام آدمی پارٹی کو اس وقت سخت دھچکا لگا جب صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے منفعت بخش عہدے کے معاملہ میں دہلی میں عام آدمی پارٹی کے20ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کی انتخابی کمیشن کی سفارش پر اپنی مہر لگادی ہے 70رکنی دہلی اسمبلی میں اب عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی کی تعداد66سے کم ہوکر46رہ گئی ہے ،حالانکہ اس فیصلہ سے پارٹی کی اکثریت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔اس فیصلہ سے دہلی میں ان سیٹوں پر ضمنی انتخاب کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ وزارت قانون و انصاف کے آج جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ صدرجمہوریہ نے ان ممبروں کو نااہل قراردینے سے متعلق انتخابی کمیشن کی سفارش منظور کرتے ہوئے ان کی رکنیت ختم کردی ہے ۔کمیشن نے دوسال سے زیادہ عرصہ پرانے اس معاملہ میں ان ممبران اسمبلی کو منفعت بخش عہدے پر تقرری کی شکایت درست پائی تھی اور19جنوری کو انکی رکنیت ختم کرنے سے متعلق اپنی سفارش صدرجمہوریہ کو بھیجی تھی۔دہلی اسمبلی کے نااہل قراردئے گئے ارکان اسمبلی میں جنگ پورہ سے پروین کمار،نریلا سے شردکمار چوہان، دوارکا سے آدرش شاستری ،کستوربانگرسے مدن لا ،مودی نگرسے شیوچرن گوئل ،براڑی سے سنجیو جھا،روہتاس نگرسے سریتا سنگھ ،مہرولی سے نریش یادو،وزیر پور سے راجیش گپتا،جنک پوری سے راجیش رشی ،گاندھی نگرسے انل کمار واجپئی ، صدربازار سے سوم دت،کالکاجی سے اوتارسنگھ کالرا،راجیندر نگرسے وجیندر گرگ ،نجف گڑھ سے کیلاش گہلوت،چاندنی چوک سے الکا لامبا،کونڈلی سے منوج کمار ،لکشمی نگر سے نتن تیاگی ،منڈکا سے سکھبیر سنگھ دلال اور تلک نگرسے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ شامل ہیں ۔ راجوری گارڈن سے اس وقت کے رکن اسمبلی جرنیل سنگھ کے خلاف بھی منفعت بخش عہدے پر تقرر کی شکایت تھی لیکن انھوں نے 17جنوری2017کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیاتھا اور اس سیٹ پر پچھلے سال اپریل میں ضمنی انتخاب بھی ہوچکاہے ۔ ان سبھی ممبران اسمبلی کو مختلف وزارتوں میں13مارچ 2015 کو پارلیمانی سکریٹری مقررکیا گیا تھا۔ اس کے خلاف مسٹر پرشانت پٹیل نے19 جون 2015 کو صدر جمہوریہ کے سامنے عرضی دائرکی تھی اور10نومبر2015کو معاملہ انتخابی کمیشن کے پاس پہنچا۔عام آدمی پارٹی کے 20 ارکان اسمبلی کی معطلی کے بعد دہلی کانگریس کے سربراہ اجے ماکن نے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پارٹی ضمنی انتخابات کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ کانگریس وزیر اعلیٰ کے دفترکے روبرو کل مظاہرہ کرے گی۔ ماکن نے کہاکہ ان کی پارٹی 20 سیٹوں پر ضمنی چناؤ لڑنے کے لئے تیار ہے۔


Share: